مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے خلیل الحیہ کو حماس کے سیاسی دفتر کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخاب حماس کے عزم، استقامت اور مزاحمت کے راستے پر ثابت قدم رہنے کی علامت ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے اپنے پیغام میں کہا کہ خلیل الحیہ کا ایسے وقت میں حماس کی قیادت سنبھالنا، جب فلسطین، غزہ اور پورا خطہ اسرائیلی اور امریکی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے، اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک حماس مزاحمت کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیل الحیہ کی طویل جدوجہد، میدانِ مزاحمت کا تجربہ اور ان کی ذاتی قربانیاں اس بات کی ضمانت ہیں کہ وہ شیخ احمد یاسین، اسماعیل ہنیہ، یحییٰ السنوار اور دیگر شہید رہنماؤں کے راستے کو آگے بڑھائیں گے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت فلسطینی عوام کی جدوجہد، سرزمین اور حقوق کی بازیابی کے مقصد میں حماس کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کی جنگ کے باوجود مزاحمتی قوتیں ثابت قدم ہیں اور طوفان الاقصی کو تین سال گزرنے کے باوجود اسرائیل اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ اشدید تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود مزاحمت کا جذبہ مزید مضبوط ہوا ہے اور آزادی و عزت کی جدوجہد جاری رہے گی۔
آپ کا تبصرہ